محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 16 سے 21 اگست کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں 16 سے 21 اگست تک بارش متوقع ہے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں 17 سے 21 اگست کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ اور مردان سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بالائی پنجاب میں بھی 16 سے 21 اگست کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 سے 20 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔
ملک کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا۔





