Royal TV

News you can trust

Advertisement

گوادر میں 79ویں یومِ آزادی پر شاندار بوٹس ریلی، تقریباً 100 کشتیوں کی شرکت

گوادر: 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر گوادر کے ماہی گیروں اور شہریوں کی جانب سے وطنِ عزیز سے والہانہ محبت، قومی یکجہتی اور جذبۂ حب الوطنی کے اظہار کے لیے سمندر میں شاندار بوٹس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں تقریباً 100 کشتیوں نے شرکت کی، جنہیں قومی پرچموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا تھا، جس سے سمندر میں جشنِ آزادی کا خوبصورت منظر دیکھنے میں آیا۔
بوٹس ریلی کا آغاز گوادر جیٹی سے ہوا اور کشتیوں کا قافلہ سمندر میں تقریباً 2 ناٹیکل میل تک گیا۔ ماہی گیروں اور شہریوں نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کیا، جبکہ ریلی کے شرکاء نے قومی جذبے اور اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا۔
ریلی کے ذریعے گوادر کے ماہی گیر برادری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ گوادر کے ساحل پر منعقدہ یہ منفرد سرگرمی یومِ آزادی کی تقریبات کا نمایاں حصہ بن گئی اور شہریوں، بالخصوص ماہی گیروں کی جانب سے وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ بوٹس ریلی نے یہ پیغام دیا کہ گوادر کے ساحل سے لے کر سمندر کی وسعتوں تک پاکستان کا سبز ہلالی پرچم قومی اتحاد، امن اور ترقی کی علامت ہے۔