Royal TV

News you can trust

Advertisement

ڈیرہ بگٹی اور سوئی کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بگٹی قبیلے کے عمائدین، بزرگوں اور نوجوانوں پر مشتمل وفد نے ملاقات ، جس میں ڈیرہ بگٹی، سوئی اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ متعدد اہم منصوبے مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم، صحت، سڑکوں، ذرائع مواصلات کی بہتری، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ گیس کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گیس کمپنیوں کے ‘کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی’ (CSR) اور فلاحی فنڈز کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ ان وسائل سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں میں دیرپا ترقی کی بنیاد مضبوط کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت، سڑکوں، روزگار اور عوامی سہولیات کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولیں ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔