Royal TV

News you can trust

Advertisement

بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کی چہ مگوئیاں، انوارالحق کاکڑ کی سربراہی کا امکان۔

کوئٹہ بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اہم سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام کے حوالے سے مختلف سیاسی شخصیات اور اہم حلقوں کے درمیان مشاورت جاری ہے، جس میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور صوبے میں ایک نئے سیاسی پلیٹ فارم کی ضرورت سمیت مختلف امور زیرِبحث ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ جماعت میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی شخصیات، سابق ارکان اسمبلی، قبائلی و سماجی شخصیات اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم جماعت کی قیادت، نام، تنظیمی ڈھانچے اور منشور سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ نئی جماعت بلوچستان میں موجود سیاسی خلا کو پُر کرنے اور صوبے کے عوام کے مسائل کو ایک نئے سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوشش کرے گی تاہم اس حوالے سے کسی بھی حتمی سیاسی حکمتِ عملی کا اعلان باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ انوارالحق کاکڑ بلوچستان کی سیاست میں ایک نمایاں نام رہے ہیں اور انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی (BAP) کے قیام کے مرحلے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ بعد ازاں وہ اگست 2023 سے مارچ 2024 تک پاکستان کے نگران وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد آئندہ دنوں میں اہم پیش رفت متوقع ہے، تاہم فی الحال جماعت کے قیام اور انوارالحق کاکڑ کی سربراہی سے متعلق اطلاعات کو حتمی فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا