Royal TV

News you can trust

Advertisement

کسی کو بلوچستان کی ننگ و ناموس سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سابق وزیراعلی نواب ثناءاللہ زہری

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری اور صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے قبائلی و سیاسی رہنماؤں سردار محمد علی جتک اور میر محمد اکبر جتک نے جھالاوان ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلوچستان بالخصوص جھالاوان کی سیاسی و علاقائی صورتحال، امن و امان اور مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ جھالاوان کا امن اور استحکام ہمارے لیے انتہائی عزیز ہے، علاقے میں قیامِ امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں سابق وزیراعلی نواب ثناءاللہ خان زہری نے خضدار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھالاوان سمیت پورے بلوچستان میں بسنے والے عوام کی ننگ و ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، واقعے میں ملوث عناصر خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا سابق وزیر اعلی نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ جھالاوان میں آباد تمام اقوام میرے اپنے ہیں اور سب مجھے عزیز ہیں، کسی کو ہمدردی کے نام پر سیاست یا خضدار واقعے پر دکانداری چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ کسی بھی شخص کو انسانی جان اور عزت و ناموس کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون سب کے لیے برابر ہے اور واقعے کے ذمہ دار افراد جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ جھالاوان سمیت بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔