بلوچستان میں فضائی رابطوں کے فروغ کا منصوبہ، ساؤتھ ایئر لائن کا کوئٹہ سے ملتان اور پشاور پروازیں شروع کرنے کا اعلان۔کوئٹہ ساؤتھ ایئر لائن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا بنیادی مقصد صوبے میں سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور فضائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔کوئٹہ سے ملتان اور پشاور کے لیے فوری طور پر پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں تربت، دالبندین، گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں کو بھی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران اور تاجر برادری سے ملاقات کے دوران نشاط فاطمہ نے بتایا کہ دسمبر میں ساؤتھ ایئر لائن کو مزید دو طیارے حاصل ہوں گے، جس کے بعد بلوچستان میں فضائی آپریشن مزید وسیع کیا جا سکے گا۔ طلب میں اضافے کی صورت میں ایک اضافی طیارہ بھی بلوچستان کے لیے مختص کرنے پر غور کیا جائے گا۔*اس موقع پر چیف کمرشل آفیسر سراج قاضی، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ سیکیورٹی بریگیڈیئر عامر ابرار، چیمبر کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی، سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ اور دیگر عہدیداران و تاجر رہنما موجود تھے۔چیمبر رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے باعث فضائی سفر کی اہمیت بڑھ گئی ہے، تاہم بعض ایئر لائنز کی جانب سے ٹکٹوں کی بھاری قیمتیں وصول کیے جانے سے شہریوں اور کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ساؤتھ ایئر لائن کے مجوزہ فضائی آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کے ساتھ تربت، دالبندین، گوادر اور تفتان کو بھی فضائی رابطوں میں شامل کیا جائے۔تاجر رہنماؤں نے ایران کے ساتھ فضائی رابطے قائم کرنے اور گوادر و تفتان سے ایران کے لیے ابتدائی طور پر ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی رابطوں میں توسیع سے بلوچستان میں کاروبار، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ عوام کو بہتر سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
بلوچستان میں فضائی رابطوں کے فروغ کا منصوبہ













