کوئٹہ، 3 ستمبر 2026: بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (بیف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور محفوظ سفری اصولوں سے آگاہی ہر ذمہ دار ادارے کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ حادثات کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے بیف دفتر کوئٹہ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ویسٹ زون بلوچستان کے زیر اہتمام بیف افسران و ملازمین کے لیے منعقدہ خصوصی روڈ سیفٹی آگاہی سیشن کے موقع پر کہی۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے سیشن کے دوران شرکاء کو ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ، دوران سفر احتیاطی تدابیر اور سڑک کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے جامع اور مفید رہنمائی فراہم کی۔ شرکاء نے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور فراہم کردہ معلومات کو نہایت مفید اور عملی قرار دیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ویسٹ زون بلوچستان کی جانب سے بیف ملازمین کے لیے اس معلوماتی اور مؤثر آگاہی سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر بیف اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ویسٹ زون بلوچستان کے درمیان یادگاری شیلڈز اور سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔
بیف دفتر کوئٹہ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیشن کا انعقاد













