Royal TV

News you can trust

Advertisement

فرح عظیم شاہ کا صوبائی وزیر صادق عمرانی سے معافی کا مطالبہ۔

کوئٹہ بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر صادق عمرانی کی حالیہ تقریر کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ یہ قرارداد محض چند افراد کی جانب سے نہیں بلکہ پورے بلوچستان کے باعزت اور باشعور عوام کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی مختلف مسائل اور چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں ایوان میں کسی بھی قسم کے نفرت انگیز یا اشتعال انگیز بیانیے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے بقول بلوچستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ ایسے ہی بیانیے ہیں جو معاشرے میں نفرت، تقسیم اور احساس محرومی کو مزید تقویت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے الفاظ کا محتاط استعمال کریں اور عوام کے جذبات کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔ اسمبلی کا فورم عوامی مسائل کے حل، مفاہمت اور مثبت سیاسی مکالمے کے لیے استعمال ہونا چاہیے، نہ کہ کسی طبقے یا برادری کے جذبات مجروح کرنے کے لیے۔فرح عظیم شاہ نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر صادق عمرانی اپنے متنازع بیان پر معافی مانگیں اور اپنے الفاظ کی وضاحت کریں تاکہ معاملہ مزید پیچیدہ ہونے کے بجائے ختم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور منتخب نمائندوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے نمائندوں سے سنجیدہ، مثبت اور ذمہ دارانہ سیاست کی توقع رکھتے ہیں، جبکہ ایوان میں ہونے والی تقاریر اور بیانات کا براہِ راست اثر عوامی سطح پر پڑتا ہے، اس لیے ہر رکن کو اظہارِ خیال کے دوران صوبے کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔