وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عہدہ، دولت، عزت، اختیار اور اثر و رسوخ ہر شخص کو مل سکتا ہے، لیکن عوام کی خدمت کا موقع ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ جسے کسی ذمہ داری پر فائز کرے، اسے چاہیے کہ اس منصب کو امانت سمجھ کر دیانت داری اور بہترین انداز میں ادا کرے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ اسپتال ان کا خواب تھا اور وہ طویل عرصے سے اس کی تکمیل اور یہاں علاج کے آغاز کی منتظر تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اسپتال فعال ہوچکا ہے اور گزشتہ روز یہاں پہلی سرجری بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریض کی عیادت اور علاج بڑی نیکی ہے، اگر بیمار کی عیادت کا اتنا بڑا اجر ہے تو ان افراد کا مقام کتنا بلند ہوگا جو بیماروں کے علاج اور عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹروں، نرسز،پیرامیڈکس، انتظامی افسران اور اسپتال کے دیگر عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو محض ملازمت نہ سمجھیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کی جانب سے سونپی گئی امانت سمجھ کر ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے لے کر وزیر، چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت، اسپتال کے سربراہ، ڈاکٹر اور نرس تک ہر فرد کو اپنے منصب کی ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ترقی یافتہ مغربی ممالک سے موازنہ کرنا آسان ہے، تاہم پاکستان ابھی 79 سالہ ملک ہے اور اس کے باوجود اس میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ گزشتہ سال پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں 10 کروڑ سے زائد مریضوں کا علاج ہوا، جو معمولی بات نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں شہریوں کو مفت ادویات، سرجری، مختلف طبی سہولیات اور دیگر علاج فراہم کیا جارہا ہے.
مریم نواز نے سرکاری نظام میں بدعنوانی اور غفلت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقامات پر ادویات، انجیکشن اور انسولین کی چوری، مریضوں سے غیرقانونی رقم وصول کرنے اور سرکاری مشینری کو جان بوجھ کر خراب کرنے جیسے مسائل موجود ہیں تاکہ مریضوں کو نجی مراکز بھیجا جاسکے۔ انہوں نے ایسے اقدامات کو عوام کے ساتھ ناانصافی اور قومی وسائل سے خیانت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم یہ فیصلہ کرلے کہ ہر شخص اپنا کام ذمہ داری، فرض اور امانت سمجھ کر کرے گا تو پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔
عہدہ، دولت اور اختیار سب کو مل سکتا ہے عوام کی خدمت کا موقع ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز










