وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ فیول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بدلتی ہیں میں صرف عملدرآمد کرتا ہوں۔
پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ان پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں کہ وہ روزانہ قیمتیں تبدیل کرتے ہیں، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتیں ہر جمعے کو لازمی طور پر تبدیل نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انہیں کتنی محبت یا نفرت ملتی ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آج کیے جانے والے فیصلوں سے مستقبل میں ملک کو کیا حاصل ہوگا۔
حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کررہی ہے اور توانائی میں خودکفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کی طویل المدتی توانائی سیکیورٹی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جارہا ہے جبکہ گردشی قرضوں میں بھی نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق توانائی کے شعبے کے تمام حصوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں کی مد میں عوام کو ریلیف دیا گیا، جبکہ آئل سیکٹر کے مڈ اسٹریم شعبے میں بھی اصلاحات لائی جارہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جاسکے۔













