کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت برآمد کنندگان کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس کراچی میں ہوا۔
اجلاس میں آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بلال اظہر کیانی نے برآمد کنندگان کو ٹیکس پالیسی اور ٹیکس ریلیف سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تجارت آسان بنانے، ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے اور برآمد کنندگان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن کمیٹیوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد برآمدات کا فروغ، برآمد کنندگان کے مسائل کا ازالہ اور تنازعات کے حل کے لیے مؤثر طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ برآمد کنندگان کو تنگ نہ کیا جائے اور ان کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔وزیر مملکت نے کہا کہ برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔اجلاس میں برآمد کنندگان کے نمائندوں نے ٹیکس سے متعلق عملی رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کیں۔ وزیر مملکت نے برآمد کنندگان کے مسائل اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت برآمد کنندگان کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس













