پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کا اس طرح جاں بحق ہونا انتہائی دلخراش اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ والدین اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کی ہے، جو حکومت کی جانب سے اس المناک واقعے کو سنجیدگی سے لینے کا واضح ثبوت ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے ذریعے آتشزدگی کی وجوہات، حفاظتی انتظامات اور کسی بھی ممکنہ غفلت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ملک بھر کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس اور حفاظتی نظام کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مریضوں کے تحفظ اور ہسپتالوں میں جدید حفاظتی معیار یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
پمز آتشزدگی: معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش سانحہ ہے، جمال شاہ کاکڑ













