ترکیہ نے ڈرون ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ANKA III سے Süper Şimşek ڈرون کے کامیاب اجراء کا تجربہ کیا ہے۔ ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کے مطابق ANKA III نے پرواز کے دوران اپنے پروں کے نیچے نصب Süper Şimşek کو مقررہ بلندی پر کامیابی سے الگ کیا، جس کے بعد اس نے 50 منٹ کی خودکار پرواز مکمل کی اور پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت لینڈ کیا۔
ANKA III ایک کم ریڈار نمایاں ہونے والا، ٹیل لیس جنگی ڈرون ہے جو 40 ہزار فٹ تک بلندی پر پرواز، تقریباً 0.7 میک رفتار اور 10 گھنٹے تک فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ پے لوڈ گنجائش 1,200 کلوگرام بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب Süper Şimşek ایک ہائی سب سونک ڈرون ہے جو 0.85 میک تک رفتار حاصل کرسکتا ہے اور اسے دشمن کے فضائی دفاع کو دھوکا دینے، الیکٹرانک وارفیئر اور مختلف دیگر مشنز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس ٹیکنالوجی کی اہمیت یہ ہے کہ ANKA III جیسے بڑے ڈرون سے چھوٹے خودکار ڈرونز کو فضا میں چھوڑ کر مختلف ڈرونز کے باہمی تعاون اور مستقبل کی سوارم ٹیکنالوجی کو عملی شکل دی جاسکتی ہے۔ ترکی ANKA III کو مستقبل میں انسان بردار جنگی طیاروں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کے لیے بھی تیار کر رہا ہے۔














