Royal TV

News you can trust

Advertisement

وسطی افریقی جمہوریہ میں لرزہ خیز واقعہ : سونے کی کان بیٹھنے سے 100 سے زائد مزدور جان کی بازی ہار گئے۔

وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی کان بیٹھ جانے کے المناک حادثے میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی جبکہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔مقامی حکام کے مطابق حادثہ کیمرون کی سرحد کے قریب واقع گاؤں زیمبوئے میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان اچانک بیٹھ گئی۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔مقامی کان کنی ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار کے مطابق حادثے کے وقت درجنوں کان کن اور مزدور کان میں موجود تھے، جن میں سے بعض ملبے تلے دبے ہوئے مدد کے لیے پکار رہے تھے۔زیمبوئے یوتھ کونسل کے رکن برٹرینڈ بے یانگے نے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کو زندہ تلاش کرنا کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مرد و خواتین اپنے خاندانوں کو غربت اور مشکلات سے نکالنے کے لیے کان کنی کا کام کرنے آئے تھے، لیکن افسوسناک حادثے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔حکام کے مطابق کان بیٹھنے کی وجوہات اور کان کنی کا کام چلانے والے افراد کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ پڑوسی ملک کیمرون نے بھی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔اس افسوس ناک واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کررہی ہے۔