مستونگ کھڈکوچہ کے علاقے گرو کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ گزشتہ 7 گھنٹوں سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے باعث سینکڑوں مسافر اور گاڑیاں شاہراہ پر پھنس گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرو کے مقام پر دن کے وقت قومی شاہراہ پر واقع ایک پل کو دھماکے کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا، جس کے باعث پل متاثر ہونے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ۔اسی مقام پر سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بھی حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد علاقے میں کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ اور دیگر واقعات کے باعث علاقے میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ رہی۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں متعدد افراد کے زخمی اور جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد کی آزادانہ یا سرکاری طور پر تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔قومی شاہراہ کی مسلسل بندش کے باعث کوئٹہ اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والے مسافر شدید پریشانی سے دوچار ہیں اور ٹریفک کی بحالی کے منتظر ہیں۔حکام کی جانب سے متاثرہ مقام پر صورتحال معمول پر لانے اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مستونگ کھڈکوچہ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ 7 گھنٹے سے بند، سینکڑوں گاڑیوں کی طویل قطاریں













