Royal TV

News you can trust

Advertisement

بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر صادق عمرانی کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد پیش۔

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کے خلاف ایک مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کر دی گئی ہے۔ یہ قرارداد صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، بخت محمد کاکڑ، نور محمد دمڑ، علی مدد جتک، جبکہ اراکین اسمبلی برکت رند، اسفندیار کاکڑ، ہادیہ نواز (پارلیمانی سیکرٹری)، فرح عظیم شاہ اور اشوک کمار کی جانب سے پیش کی گئی۔قرارداد کے متن کے مطابق مورخہ 31 اگست 2026 کی اسمبلی نشست میں صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی جانب سے یہ الفاظ استعمال کیے گئے تھے کہ “235 افراد کو اسلام آباد میں بلایا اور ایم پی ایز سب وہاں بیٹھے تھے گالیاں کھا کے وہاں سے باعزت طریقے سے آئے ہیں۔قرار داد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ الفاظ گمراہ کن، نامناسب اور قابلِ اعتراض ہیں، جو نہ صرف معزز اراکین اسمبلی کی توہین ہیں بلکہ اس سے ایوان کی پارلیمانی حیثیت، پورے ایوان کے تقدس، وقار اور استحقاق کو بھی شدید مجروح کیا گیا ہے اور عوام کو ریاست کے خلاف ورغلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایوان نے اس پر شدید الفاظ میں مذمت کا اظہار کیا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی عوام کے منتخب نمائندے ہیں، ان کی عزتِ تکریم دراصل عوام کے مینڈیٹ، جمہوری اقدار اور پارلیمانی ادارے کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔کسی بھی معزز رکن کے خلاف غیر پارلیمانی، تحقیر آمیز یا توہین آمیز الفاظ کا استعمال محض ایک فرد کی دل آزاری نہیں بلکہ اس ایوان اور اس کے تمام منتخب اراکین کی اجتماعی توہین ہے۔